سونے کے ذخائر کی مالیت 10 ارب ڈالر سے تجاوز
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)اسٹیٹ بینک کے پاس موجود سونے کے ذخائر کی مالیت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیزی بتائی جارہی ہے ۔
مرکزی بینک کے مطابق اس وقت ملک کے پاس تقریباً 64.76 ٹن سونا موجود ہے جس کی مجموعی مالیت بڑھ کر10 ارب 37 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے ۔ ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اس اضافے نے پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر کے ڈھانچے پر مثبت اثر ڈالا ہے اور بیلنس شیٹ میں مضبوطی پیدا کی ہے ۔اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ صرف جنوری 2026 کے دوران سونے کے ذخائر کی مالیت میں 1 ارب 27 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔مزید برآں رواں مالی سال کے ابتدائی7ماہ کے دوران مجموعی طور پر ان ذخائر کی قدر میں 3 ارب 50 کروڑ ڈالر کا نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے ۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی غیر یقینی صورتحال، افراط زر کے خدشات اور محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان نے سونے کی طلب میں اضافہ کیاجس سے قیمتیں بلند ہوئیں اوران ممالک کو فائدہ ہوا جنکے پاس پہلے سے نمایاں گولڈ ریزروز موجود تھے ۔