فری لانسرز ایک ارب ڈالر برآمدی ہدف کے قریب
پہلی ششماہی میں ہی آمدن 55کروڑ ڈالر سے تجاوزکرچکی،چیئرمین ابراہیم امین
کراچی(بزنس رپورٹر)چیئرمین پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن ابراہیم امین نے کہا کہ پاکستانی فری لانسرز ملکی برآمدات میں تیزی سے ابھرتی ہوئی قوت بن چکے ہیں اور رواں مالی سال کے اختتام تک پہلی بار ایک ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف عبور کرنے کی پوزیشن میں ہیں، گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے مجموعی طور پر 70 کروڑ ڈالر زرِمبادلہ کمایا جبکہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ہی آمدنی 55 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے ۔ ابراہیم امین کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو فری لانسرز نہ صرف ایک ارب ڈالر برآمدی کلب میں شامل ہوں گے بلکہ آئی ٹی اور سروسز ایکسپورٹس میں نمایاں حصہ دار بھی بن جائیں گے ۔انہوں نے نشاندہی کی کہ فری لانسرز کو بیرونِ ملک سے رقوم کی ترسیل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ،گزشتہ دس برس سے ایک ہی غیر ملکی مالیاتی ادارہ پاکستانی فری لانسرز کو ادائیگی کی سہولت فراہم کر رہا ہے جس کے باعث متبادل ذرائع نہ ہونے کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔