عبدالرحمان فدا سائٹ کے نئے صدر منتخب،احمد عظیم مستعفی
کراچی(بزنس ڈیسک)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے صدر احمد عظیم علوی، سینئر نائب صدر خالد ریاض اور نائب صدر ریاض ڈیڈھی کے استعفے باضابطہ طور پر منظور کرلیے۔
یہ استعفے سیکریٹری جنرل کو موصول ہونے کے بعد کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیے گئے جہاں انہیں اتفاقِ رائے سے منظور کیا گیا۔استعفوں کی منظوری کے بعد ایگزیکٹوکمیٹی کا خصوصی اجلاسہوا جس میں 2024-2026 کی بقیہ مدت کیلئے نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں آیا۔ اجلاس میں عبدالرحمان فدا کو متفقہ طور پر صدر، احمد ذوالفقار چوہدری کو سینئر نائب صدر اور طاہر گوریجا کو نائب صدر منتخب کیا گیا جنہوں نے اپنے عہدوں کا چارج بھی سنبھال لیا ہے ۔نومنتخب صدر عبدالرحمان فدا نے ممبران کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ صنعتکاروں کی بہترین انداز میں نمائندگی کرینگے۔