اسٹاک ایکسچینج،مندی،58فیصدحصص کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)پاک افغان اور امریکا ایران کشیدہ حالات کے اثرات اسٹاک ایکسچینج کو کاروباری ہفتے ے تیسرے روز بھی مندی کی جانب دھکیل گئے ۔
دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا شکار ہوا اور 1لاکھ 66ہزار اور 1لاکھ 65ہزار پوائنٹس کی مزید دو سطحیں گنوا بیٹھا۔ مندی کے سبب 58فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 42ارب روپے ڈوب گئے ۔کاروبار کا آغازمثبت سطح سے ہوا لیکن بھاری لیورج ادائیگیاں اور روول اوور ویک کے منفی اثرات سے ٹریڈنگ پرافٹ ٹیکنگ کی زد میں آگئی ،تاہم مثبت مالی نتائج آنے سے محدود پیمانے کی تیزی رونما ہوئی، اسٹاک ایکسچینج سے مسلسل بیرونی سرمایہ کاری نکلنے سے ایک موقع پر 2029 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں شیئرز کی محدود خریداری کے رجحان سے جاری مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر100 انڈیکس 1632 پوائنٹس کی کمی سے 164626پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 575پوائنٹس کی کمی سے 50342پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 757 پوائنٹس کی کمی سے 98999 پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 483 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 143 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 278 میں کمی اور 62 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔