اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کے دوران منفی رجحان رہا

اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کے دوران منفی رجحان رہا

100انڈیکس میں مجموعی طور پر 5108پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی سرمایہ کاروں کی بڑے پیمانے پر فروخت کو ترجیح، مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے شدید مندی کا رجحان غالب رہا، سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر فروخت کو ترجیح دی، ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کے ایس ای100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 5108 پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ ہوئی، جس کے بعد انڈیکس 2.95 فیصد تنزلی کے ساتھ 1 لاکھ 68 ہزار 62 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 74 ہزار 336 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 62 ہزار 953 پوائنٹس رہی،جو مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال اور اتار چڑھاؤ کی عکاس ہے۔۔

، تجزیہ کاروں کے مطابق شرح سود، معاشی اشاریوں اور بیرونی سرمایہ کاری کے رجحانات نے مارکیٹ کی سمت پر اثر ڈالا، کاروباری حجم کے اعتبار سے ہفتہ بھر میں مجموعی طور پر 2 ارب 99 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت تقریباً 154 ارب روپے رہی، تاہم حصص کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث سرمایہ کاروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی تناظر میں مارکیٹ کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی گھٹ کر 18 ہزار 930 ارب روپے کی سطح پر آگئی، جو ایک ہفتہ قبل کے مقابلے میں 672 ارب روپے کم ہے ۔ ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں منافع کے حصول (پرافٹ ٹیکنگ)، عالمی مالیاتی دباؤ اور مقامی معاشی خدشات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا، مارکیٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سرمایہ کاروں کی نظریں معاشی پالیسیوں، شرح سود سے متعلق توقعات اور بیرونی ادائیگیوں کی صورتحال پر مرکوز رہیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں