انجمن تاجران کا پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کامطالبہ
لاہور(آئی این پی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل ہے کہ اس اضافے کو واپس لینے کا اعلان کریں ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے کے رجحان سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں ، اشیائے خورونوش اور دیگر مصنوعات مزید مہنگی ہو جائیں گی جس سے عوام کیلئے رمضان اور عید الفطر کی خوشیاں پھیکی پڑ جائیں گی۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ جو شعبے ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں یا ٹیکس چوری میں ملوث ہیں انہیں پکڑا جائے نہ کہ پٹرولیم لیوی بڑھا کر عوام پر مزید بوجھ ڈالا جائے ۔ بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافے کی اطلاعات ہیں جس کی وجہ سے عوام ذہنی طور پر شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف عوام کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے پٹرولیم قیمتوں میں کئے گئے حالیہ اضافے کو واپس لینے کا اعلان کریں گے۔