فرنیچر سیکٹر کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دیا جائے ، میاں کاشف
لاہور (اے پی پی)فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فرنیچر کے شعبے کو باقاعدہ صنعتی درجہ دیا جائے تاکہ اس کی حقیقی برآمدی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے ۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہنر مند کاریگروں، وسیع تجربے اور وافر خام مال کی کمی نہیں، تاہم باقاعدہ صنعتی شناخت نہ ہونے کے باعث یہ شعبہ اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر پا رہا،اگر فرنیچر صنعت کو صنعتی درجہ مل جائے تو اسے بینکوں سے آسان قرضوں، رعایتی توانائی نرخوں، جدید مشینری کی درآمد اور دیگر برآمدی صنعتوں جیسی حکومتی مراعات تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے ، اس اقدام سے پیداواری صلاحیت اور مصنوعات کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تیار ہونے والا فرنیچرکو مناسب سرکاری سرپرستی ملنے پر بڑی برآمدی صنعت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے ۔