فروری میں 3 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول

 فروری میں 3 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول

متحدہ عرب امارات پہلے ،سعودی عرب دوسرے اوربرطانیہ تیسرے نمبر پر رہا ترسیلات زِر میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے اہم سہارا ثابت ہو رہا ،ماہرین

کراچی(بزنس رپورٹر)بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وطن بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں فروری کے دوران ماہانہ بنیاد پر کمی جبکہ سالانہ بنیاد پر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری 2026 کے دوران ترسیلاتِ زر 3 ارب 30 کروڑ ڈالر رہیں جو جنوری کے مقابلے میں تقریباً 5 فیصد کم تاہم گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں تقریباً 5 فیصد زیادہ ہیں ۔مرکزی بینک کے مطابق جنوری 2026 میں بیرونِ ملک پاکستانیوں نے 3 ارب 50 کروڑ ڈالر وطن منتقل کیے تھے جبکہ فروری 2025 میں ترسیلاتِ زر کا حجم 3 ارب 12 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اس طرح سالانہ بنیاد پر ترسیلاتِ زر میں اضافہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے مسلسل اعتماد اور مالی تعاون کی عکاسی کرتا ہے ۔ فروری میں سب سے زیادہ ترسیلات یواے ای سے موصول ہوئیں جہاں سے پاکستانیوں نے 69 کروڑ 60 لاکھ ڈالر وطن بھیجے ،اس کے بعد سعودی عرب دوسرے نمبر پر رہا جہاں سے 68 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ترسیلات آئیں جبکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 53 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 31 کروڑ 90 لاکھ ڈالر پاکستان منتقل کیے ۔ رواں مالی سال جولائی تا فروری بیرونِ ملک پاکستانیوں نے  26 ارب 49 کروڑ ڈالر وطن بھیجے جو 10 فیصد زیادہ ہیں۔ ماہرین کے مطابق ترسیلاتِ زر میں اضافہ ملکی معیشت کیلئے اہم سہارا ثابت ہو رہا ہے کیونکہ یہ زرمبادلہ ذخائر کو سہارا دینے ، کرنٹ اکاؤنٹ کے دباؤ کو کم کرنے اور روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں