فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی معاشی فروغ کیلئے اہم قدم ، وفاقی چیمبر
آئی ٹی و ٹیلی کام شعبے میں جدت آئیگی ،روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ،عاطف اکرام
اسلام آباد(اے پی پی)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے فائیو جی اسپیکٹرم کی کامیاب نیلامی پرحکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی شفاف اور بروقت نیلامی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے اہم قدم ثابت ہوگی، فائیو جی ٹیکنالوجی کے آغاز سے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں جدت آئے گی ،جدید ٹیکنالوجی پاکستان میں انٹر نیٹ کی ا سپیڈ اور اس سے منسلک کاروبار کی ترقی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔
اپنے بیان میں صدرفیڈریشننے کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی پاکستان کی ترقی کرتی فری لانسنگ انڈسٹری کیلئے بھی انتہائی اہم ہے ،فائیو جی ٹیکنالوجی سے صنعت، تجارت، ای کامرس سمیت دیگر شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہونگے ۔ عاطف اکرام نے مزید کہا کہ عالمی ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بننے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا ، فائیو جی ٹیکنالوجی سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیداہونگے۔