پائیدار معاشی استحکام کیلئے جامع پالیسیاں ناگزیر، عامر قدیر
ٹیکس نظام میں اصلاحات،اخراجات میں کمی سے قرض سے چھٹکاراممکن،بیان
لاہور(آئی این پی)چیئرمین ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن عامر قدیرنے کہا ہے کہ عوام سے ماچس کی ڈبی پر بھی ٹیکس لینے کے باوجود پاکستان اس وقت تقریباً 80 ہزار ارب روپے کے بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے جو لمحہ فکریہ ہے ،دوسرے ممالک کے درمیان ہونے والی صرف دس روز کی جنگ نے پاکستانی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، اس لئے پاکستان کو آئندہ کیلئے پیشگی حکمت عملی تیار کرنا ہو گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ پاکستان میں طویل المدت معاشی منصوبہ بندی کی جائے ،پائیدار معاشی استحکام کیلئے ایسی جامع پالیسیوں کی ضرورت ہے جن کے ذریعے نہ صرف قرضوں میں کمی لائی جا سکے بلکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے ۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات، اخراجات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ جیسے اقدامات کے ذریعے ہی ملک کو قرضوں کے بوجھ سے نکالا جا سکتا ہے۔