اسٹاک ایکسچینج:زبردست تیزی،انڈیکس 4276 پوائنٹس بڑھ گیا
بینکنگ، کیمیکل ودیگر سیکٹر متحرک،100انڈیکس 154292پوائنٹس پر بند 483کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ، 339 میں اضافہ،79کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ، مقامی مالیاتی اداروں کا متحرک ہونا اور ایشائی اسٹاک مارکیٹس کے مثبت اثرات اسٹاک ایکسچینج کو کاروباری ہفتے کے تیسرے روز اتارچڑھاو کے بعد تیزی کی جانب گامزن کرگئے ۔ اسی سبب 100 انڈیکس کی 1لاکھ 51 ہزار، 1لاکھ 52ہزار، 1لاکھ 53ہزار اور 1لاکھ 54 ہزار پوائنٹس کی چار حدیں عبور ہوگئیں۔ تیزی کے سبب 70.18فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 4کھرب 61ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ۔دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر 268 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی تھی، تاہم مقامی سرمایہ کاری کا بہاؤ دوبارہ سے بہتر ہونے پر مجموعی طور پر اختتامی لمحات تک شیئر مارکیٹ میں تیزی ہی رہی ۔دوسری جانب آئل اینڈ گیس، فرٹیلائزر، بینکنگ، کیمیکل، آئی ٹی سمیت سیمنٹ سیکٹرز میں سرمایہ کاری سے شیئر مارکیٹ کا پارہ بلندی کی جانب گامزن رہا۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 4276 پوائنٹس کے اضافے سے 154292 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 1418 پوائنٹس کے اضافے سے 46904 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 2494 پوائنٹس کے اضافے سے 92658 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 53 فیصد زائد رہا۔مجموعی طور پر 483 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 339 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ79 میں کمی اور 65 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔