ٹی پلس ون سیٹلمنٹ پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا آغاز
چیلنجز،لیکویڈٹی اور بڑھتی سرمایہ جاتی ضروریات پر اثرات کا جائزہ لیا جائیگا
کراچی(بزنس رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے اسٹاک ایکسچینج میں ٹی پلس ون سیٹلمنٹ سائیکل پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا آغاز کر دیا ۔ مشاورتی عمل میں ٹی پلس ون کے نفاذ میں درپیش چیلنجز کی نشاندہی اور اس کے مارکیٹ لیکویڈٹی، سرمایہ کاروں کی شرکت، آپریشنل تیاری اور بڑھتی ہوئی سرمایہ جاتی ضروریات پر اثرات کا جائزہ لیا جائیگا۔واضح رہے کہ ٹریڈنگ کی سیٹلمنٹ کے لیے ٹی پلس ون ایک عالمی بہترین طریقہ کار ہے تاہم مقامی تناظر میں اسٹیک ہولڈرز نے بعض آپریشنل چیلنجز کی نشاندہی کی ہے ۔رمضان کے دوران محدود بینکنگ اوقات اور چیک کلیئرنس میں تاخیر کے باعث ٹریڈنگ کی فنڈنگ میں عدم توازن پیدا ہوا ہے ، اسکے نتیجے میں بروکرز کو فوری طور پر لیکویڈٹی کو اپنی ذمہ داری پر پورا کرنا پڑتا ہے ۔ایک دن پر مبنی سیٹلمنٹ کا نظام ڈیجیٹل ماحول میں زیادہ مؤثر ہوتا ہے جبکہ پاکستان میں چیک پر مبنی لین دین اور موجودہ بینکنگ کٹ آف اوقات ٹی پلس ون نظام کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ نہیں ہیں، اس مشاورت کا مقصد اصلاحات کو جامع بنانا اور مارکیٹ شرکاء کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔