کپڑے کے فضلے کی ری سائیکلنگ سے پانی کی بچت ممکن، میاں کاشف
لاہور(اے پی پی)پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ۔۔۔
پاکستان کے پاس پائیدار سماجی و معاشی ترقی حاصل کرنے کی نمایاں صلاحیت موجود ہے ، خصوصا ٹیکسٹائل ویسٹ یا کپڑے کے فضلے کی ری سائیکلنگ کے ذریعے ایسا کیا جا سکتا اور اس سے پانی کی بڑی مقدار کی بچت ممکن ہے ۔ وہ اتوار کو یہاں احمد نثار گجر کی قیادت میں برآمد کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کے سامنے موجود چیلنجز نہایت پیچیدہ ہیں، جن میں موسمیاتی تبدیلی، تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، وسائل کی کمی، روزگار کے ناکافی مواقع اور بڑھتی ہوئی غربت جیسے باہم جڑے مسائل شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک دہائی کے اندر پاکستان ان پانچ بڑے ممالک میں شامل ہو سکتا ہے جو ری سائیکل شدہ ٹیکسٹائل ویسٹ سے تیار کردہ پائیدار اور سرکلر ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کریں گے ۔ یہ پیش رفت نہ صرف غربت کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ ٹیکسٹائل کے فضلے میں کمی اور ملک کے زمین، پانی اور بجلی جیسے قیمتی وسائل کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔