بجٹ میں ٹیکسز کم، تجاویز شامل کی جائیں، انجمن تاجران

بجٹ میں ٹیکسز کم، تجاویز شامل کی جائیں، انجمن تاجران

بلاسود قرضے جاری، یوٹیلیٹی بلز میں ریلیف دیا جائے ،صدر اشرف بھٹی

لاہور(آئی این پی )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت چیمبرز ،تاجرتنظیموں اور ایسوسی ایشنز کی قابل عمل تجاویز کو آئندہ مالی سال کی بجٹ دستاویز کا حصہ بنائے ،بجٹ میں ٹیکسز کی تعداد اور شرح میں کمی کا اعلان ہونا چاہیے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کا یہ بیان خوش آئند ہے کہ بجٹ کی تیاری میں تاجروں کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی ، بجٹ سے قبل وزارت خزانہ کو تاجروں سے ا ز خود رابطے کر کے مشاورت کے عمل کو فروغ دینا چاہیے تاکہ بجٹ کی ایسی دستاویز سامنے آئے جس پرسب کا اتفاق رائے ہو ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت تاجروں کو کاروبار کیلئے بلاسود قرضوں کا اجراء کرے ،یوٹیلیٹی بلز میں ٹیکسز کی تعداداور شرح کو بھی کم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تاجر وں سے تجاویز طلب کی ہیں جنہیں مرتب کر کے حکومت کو ارسال کیا جائے گا ۔ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت آئندہ مالی سال کے لئے ایسا بجٹ پیش کرے گی جو ترقی کا ٹول ثابت ہوگا ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں