10ملین مکانات کی قلت، نجی شعبے کیساتھ اقدامات ناگزیر
سیکٹر 40 صنعتوں کو متحرک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، سردار طاہر محمود
اسلام آباد(اے پی پی)اسلام آباد چیمبرکے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ اربنائزیشن اور آبادی میں اضافہ کے باعث مکانات کی قلت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے نجی شعبہ کے ساتھ مل کر فوری اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے ۔بدھ کو یہاں تعمیراتی شعبہ سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مکانات کی کمی کا سامنا ہے جس کا تخمینہ لگ بھگ 10 ملین یونٹ ہے جبکہ نئے ہاؤسنگ یونٹس کا سالانہ اضافہ بڑھتی ہوئی طلب سے بہت کم ہے ۔ روزگار کے بہتر مواقع کی تلاش میں شہری مراکز کی طرف تیزی سے نقل مکانی کے ساتھ بڑے شہروں میں ہاؤسنگ انفراسٹرکچر پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے جس سے سستی رہائش ایک سنگین چیلنج بن رہی ہے ۔ سردار طاہر محمود نے اس بات پر زور دیا کہ ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبہ میں معاشی ترقی کو تیز کرنے ، روزگار پیدا کرنے اور 40 سے زائد متعلقہ صنعتوں کو فعال کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔