پاکستان میں نئی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی آمد متوقع،اوورسیز انوسٹرز
پہلے سے موجود عالمی کمپنیوں کی 10 سال میں 23 ارب ڈالر کی ری انوسٹمنٹ ڈیوڈنڈ کی ادائیگیوں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ،سی ای او عبد العلیم صدیقی
کراچی (رپورٹ:حمزہ گیلانی) اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان کی معیشت کیلئے حوصلہ افزا پیشرفت کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مزید ملٹی نیشنل کمپنیوں کی آمد متوقع ہے جبکہ پہلے سے موجود عالمی کمپنیوں نے گزشتہ دس سال میں 23ارب ڈالر کی ری انوسٹمنٹ کر کے کاروباری اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔او آئی سی سی آئی کے مطابق ویسٹرن اور مڈل ایسٹ سے تعلق رکھنے والی متعدد کمپنیاں پاکستان میں بزنس سیٹ اپ کو حتمی شکل دے رہی ہیں، جس سے نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے ۔ او آئی سی سی آئی کے سی ای او عبد العلیم صدیقی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کو ڈیوڈنڈ کی ادائیگیاں مکمل کیے جانے سے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا جو مستقبل میں مزید بیرونی سرمایہ کاری کا باعث بن سکتا ہے ۔ سی ای او نے اعداد و شمار کو واضح کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں گزشتہ 5 برس کے دوران متحدہ عرب امارات سے 17 ممالک کی مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں نے پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کیا۔اوآئی سی سی آئی کے مطابق ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں تاہم سپر ٹیکس اور ٹیکس ریفنڈ میں تاخیر جیسے مسائل پر تحفظات بھی سامنے آئے ہیں۔