چار مرتبہ کا عالمی چیمپئن اٹلی فیفا ورلڈ کپ سے پھرباہر
چار مرتبہ کا عالمی چیمپئن اٹلی فیفا ورلڈ کپ سے پھرباہر عراق نے 40 سال بعد ،ترکیہ نے 24 سال بعد ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا
زینیکا (سپورٹس ڈیسک)فٹ بال کی دنیا میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا ہے جہاں بوسنیا ہرزیگووینا نے سنسنی خیز پلے آف مقابلے میں چارمرتبہ کی سابق عالمی چیمپئن اٹلی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر ورلڈ کپ 2026 کی دوڑ سے باہر کر دیا ہے ۔ اٹلی کی ٹیم مقررہ وقت میں ایک گول کی برتری کے باوجود 10 کھلاڑیوں تک محدود ہونے کے باعث دفاع نہ کر سکی اور مقابلہ 1-1 سے برابر ہونے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست سے ورلڈکپ میں شرکت سے محروم ہو گئی۔ عراق نے انٹر کنفیڈریشن پلے آف میں بولیویا کو 1-2 سے شکست دے کر 40 سال بعد فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔مونتری سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں ایمن حسین نے دوسرے ہاف میں فیصلہ کن گول کر کے عراق کو کامیابی دلائی، ترکیہ کی ٹیم نے یورپی پلے آف فائنل میں کوسووو کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے کر 24 سال بعد فیفا ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول 53ویں منٹ میں کریم آکتورک اوغلو نے کیا، جس میں کنان یلدرم اور اورکون کوکچو نے اہم کردار ادا کیا۔فیفا نے گروپ سٹیج کے فائنل ڈرا کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد تمام 48 ٹیموں کو 12 مختلف گروپس میں تقسیم کر دیا گیا ہے ۔