امریکا و اسرائیل کے حملے ،14شہید،ایران کا بھرپورجواب

امریکا و اسرائیل کے حملے ،14شہید،ایران کا بھرپورجواب

سابق وزیر خارجہ کمال خرازی زخمی ،ا ن کی اہلیہ اور قدس فورس کاعہدیدارشہید یواے ای میں بنگلہ دیشی جاں بحق ،ایرانیوں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی

تہران ،تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) ایران پرامریکااور اسرائیل کے حملے گزشتہ روز بھی جاری رہے ، امریکا نے 2000پاؤنڈ وزنی بنکر بسٹر بم سے ایرانی شہر اصفہان میں اسلحہ کے گودام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ،صدر ٹرمپ نے حملے کے بعد کی ویڈیو شیئر کر دی، ایرانی حکام نے اصفہان میں فوجی مقامات پر حملے کی تصدیق کی، ایرانی شہر محلات میں تین رہائشی عمارتوں پر میزائل حملوں میں 11 افراد شہید اور کرمانشاہ صوبے میں ایک شہری شہید ہوا۔شہر زنجان میں مذہبی مرکز کو نقصان پہنچا۔تہران میں واقع امریکا کے سابق سفارت خانے کی عمارت کو حملے میں نشانہ بنایا گیاجبکہ روسی آرتھوڈوکس چرچ پر ہونے والے دو حملوں سے عمارت کو نقصان پہنچا۔ سابق وزیر خارجہ اورحکومتی مشیر کمال خرازی کی اہلیہ شہید اور وہ خود شدید زخمی ہو گئے ،تہران میں ان کے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی فوج نے ایران میں پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے اہم عہدیدار مہدی وفائی کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ،اسرائیلی بیان کے مطابق مہدی وفائی کو ایران کے مرکزی شہر محلات میں ایک کارروائی کے دوران نشانہ بنایا گیا ، جواب میں ایران نے اسرائیل پر حملوں کی 88 ویں لہر داغی، تل ابیب، بنی براک سمیت مختلف علاقوں میں میزائل گرے جن سے 11 اسرائیلی زخمی ہوگئے ۔

حملے میں عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکا کے 5 فوجی اڈوں، کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز اور اسرائیلی کنٹینر شپ کو میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیااو رکہا اصفہان کے قریب 3 کروڑ ڈالر مالیت کا ایم کیو نائن ریپر ڈرون مار گرانے سمیت اب تک 146 امریکی ڈرون مار گرائے ہیں۔ خلیجی ممالک پر بھی ڈرون اور میزائل حملے جاری رہے ، دبئی کی سب سے بڑی پورٹ جبل علی اور دبئی میڈیا سٹی میں دھماکوں کی شدید آوازیں سنائی دیں۔ دبئی پورٹ پر کویت کے بڑے آئل ٹینکر پر ڈرون حملے سے آگ لگ گئی، دبئی کے علاقے البدعہ میں میزائل کا ملبہ گرنے سے خالی مکان میں آگ لگ گئی، ایک ڈرون انٹرسپشن کے دوران گرنے والے شراپنل سے ایک بنگلہ دیشی شہری ہلاک ہوگیا، اماراتی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے کئی میزائل اور ڈرون مار گرائے ۔متحدہ عرب امارات نے ایرانی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی تاہم اماراتی خاندان کے رشتے دارایرانی ، کچھ پیشہ ور اور گولڈن ویزا ہولڈرزمستثنٰی ہیں۔ سعودی وزارت دفاع نے ریاض کی طرف آنے والے تین بیلسٹک میزائل اور 10 ڈرون فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔سعودی علاقے الخرج میں گرائے گئے ڈرون کے ملبے سے دو افراد زخمی ہوگئے ، تین گھروں اور کئی گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا۔مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے ،برینٹ خام تیل 102 ڈالر پر آگیا،ایشیائی کیپٹل مارکیٹس میں تیزی کا رجحان برقراررہا ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں