اسٹاک ایکسچینج :تاریخی تیزی، انڈیکس 6,768 پوائنٹس بڑھ گیا

اسٹاک ایکسچینج :تاریخی تیزی، انڈیکس 6,768 پوائنٹس بڑھ گیا

681ارب روپے منافع،معاشی استحکام برقرار رہا تو تیزی جاری رہ سکتی ہے ،ماہرین

کراچی (رپورٹ :حمزہ گیلانی) اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ٹریڈنگ کا اختتام غیر معمولی تیزی پر ہوا، جہاں سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر 681 ارب روپے کا نمایاں منافع حاصل ہوا۔ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس زبردست تیزی کے ساتھ 6,768 پوائنٹس اضافے کے بعد 1,55,511 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بند ہوا جبکہ دوران ٹریڈنگ انڈیکس نے ایک ہی دن میں چھ نفسیاتی حدیں عبور کرکے رواں سال کی نئی تاریخ رقم کر دی۔ ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں اتنی تیزی دیکھنے میں آئی کہ انڈیکس عارضی طور پر 7 ہزار سے زائد پوائنٹس بڑھنے پر اسٹاک مینجمنٹ کے خودکار نظام کے تحت کچھ وقت کیلئے معطل بھی رہا۔ کاروباری سیشن کے دوران انڈیکس بلند ترین سطح 1,57,300 پوائنٹس تک پہنچ گیا جبکہ یومیہ کم ترین سطح 1,51,262 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی ۔ مجموعی طور پر 566 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، جن میں سے 365 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 67 کمپنیوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔ تیزی کی بدولت 43 ارب روپے مالیت کے تقریباً 67 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا۔ریکارڈ تیزی کی بدولت مارکیٹ کیپٹلائزیشن 16 ہزار 534 ارب سے بڑھ کر 17 ہزار 215 ارب روپے تک پہنچ گئی۔سرمایہ کاروں کی جانب سے آئل اینڈ گیس، سیمنٹ، فارماسیوٹیکل، بینکنگ اور آٹو موبائل سیکٹر کے شیئرز میں بھرپور سرمایہ کاری کی گئی۔

دوسری جانب کے ایس ای 30 انڈیکس 2,124.72 پوائنٹس کے اضافے سے 47,156.32 پوائنٹس پر بند ہوااسی طرح آل شیئر انڈیکس 3,646.62 پوائنٹس اضافے کے بعد 92,721.58 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، توانائی بحران میں بہتری، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، علاقائی کشیدگی میں کمی اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مثبت رجحان نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کیا۔ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور مقامی سطح پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نہ لگنے جیسے عوامل نے بھی مارکیٹ میں تیزی کو تقویت دی۔ اسٹاک ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر معاشی استحکام برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان آئندہ دنوں بھی جاری رہنے کا امکان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں