مقابلے میں ہلاک ڈاکوئوں کی شناخت،ایک کی بیوی بھی اشتہاری
فہد بلال،عثمان متعدد مقدمات میں مطلوب ،رابعہ بلال بھی ڈکیتیوں میں ملوث شہید سی سی ڈی کانسٹیبل عبدالرزاق ڈوگر کی نماز جنازہ ادا،اعلیٰ افسروں کی شرکت
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور میں سی سی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ڈاکوئوں کی شناخت فہد بلال اور عثمان کے نام سے ہوئی ہے ،پولیس کے مطابق مرکزی ملزم فہد بلال سات سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا،مزید انکشاف ہوا ہے کہ فہد بلال کی بیوی رابعہ بلال بھی ڈکیتی کے مقدمے میں اشتہاری ہے ،پولیس ریکارڈ کے مطابق میاں بیوی راولپنڈی، لاہور اور اسلام آباد میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں ،تھانہ سی سی ڈی ون میں پولیس مقابلے ، قتل،اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ در ج کر لیا گیا ہے دریں اثنا مقابلے میں شہید سی سی ڈی کے کانسٹیبل عبدالرزاق ڈوگر کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اورایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ سمیت دیگر سینئر افسروں نے نمازہ جنازہ میں شرکت کی ، شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی،پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ شہید کانسٹیبل کا تعلق مانگا ڈوگراں ضلع شیخوپورہ سے تھا۔