اسٹاک ایکسچینج : تیزی،47 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں
465پوائنٹس بڑھ کرکے ایس ای 100انڈیکس 151673پربند ہوا 35کروڑ 72لاکھ 69ہزار 204حصص کے سودے ،حجم 22فیصد کم رہا
کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا کا ایران کو شدید نقصان پہنچانے کا بیان ، عالمی سطح پر پٹرولیم قیمتوں کا مسلسل بڑھنا، خلیجی ممالک کی توانائی تنصیبات پر حملہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس کو شدید دھچکا پہنچا گیا ہے ۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اسٹاک ایکسچینج اتارچڑھاو کے بعد محدود پیمانے پر تیز رہی،تیزی کے سبب 47فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 32ارب 80کروڑ کا اضافہ ہوگیا ۔دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر 100 انڈیکس 2078 پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس کی 1لاکھ 51ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی۔
بینکنگ ، فرٹیلائزر، آئی ٹی اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری سرگرمیوں سے مندی کے اثرات زائل ہوگئے ۔ایک موقع پر 805پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن ایران کی جانب سے امریکی مطالبات مسترد کرتے ہوئے مستقل جنگ بندی کے اعلانات پر وقفے وقفے سے شیئرز کی آف لوڈنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی ۔کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 465 پوائنٹس کے اضافے سے 151673 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 239 پوائنٹس کے اضافے سے 45938پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 22فیصد کم رہا مجموعی طور پر 477 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 223 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 188 میں کمی اور 66 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔