مارچ میں ترسیلات زر کی مد میں 3.8 ارب ڈالرموصول
ماہانہ بنیاد پر 16.5 فیصد اضافہ، سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات سرفہرست رہے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے مارچ 2026ء کے دوران ترسیلات زر کی مد میں 3.8 ارب ڈالر موصول ہوئے ۔ اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 16.5 فیصد اضافہ اور سالانہ بنیادوں پر 5.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں مجموعی طور پر 30.3 ارب ڈالرملک آئے جو 8.2 فیصد اضافہ ہے ، گزشتہ برس کی اسی مدت میں 28 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے ۔مارچ 2026ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر سے رقوم کی آمد کے اہم ذرائع میں سعودی عرب (918.4 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (823.7 ملین ڈالر)، برطانیہ (587.3 ملین ڈالر) اور امریکہ (359.3 ملین ڈالر ) شامل تھے ۔ اعداد و شمار ملک کی معیشت میں بیرونی سرمایہ کاری کے اہم کردار اور کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالی استحکام میں اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔