غزہ :اسرائیلی فائرنگ ، ڈرون حملے ، 5 فلسطینی شہید
حکومت سازی، آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی جماعت کو مذاکرات کیلئے بلالیا
غزہ ،رملہ،یرو شلم (اے ایف پی)غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فائرنگ اور ڈرون حملے کے نتیجے میں5فلسطینی شہید ہوگئے ، غزہ میں تین افراد امدادی خوراک لے جانے والی گاڑی پر حملے میں مارے گئے ۔ غزہ سٹی کے علاقے تل الہوا میں بے گھر افراد کے لیے کھانا لے جانے والی گاڑی کو اسرائیلی ڈرون نے نشانہ بنایا، جس سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ۔ جبالیہ البلد میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوا۔مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستی کے سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 42 سالہ فلسطینی شہری حمزہ مسعود سلیم شہید ہوگیا جبکہ ایک فلسطینی کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسرائیل میں نئی حکومت بنانے کی ذمہ داری سنبھالنے والے سابق آرمی چیف گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کو اتحادی حکومت کی تشکیل کیلئے مذاکرات کی دعوت دے دی۔ آئزن کوٹ کی جماعت یاشار کے مطابق مذاکرات آج اتوار سے شروع ہوں گے ۔ واضح رہے آئزن کوٹ نیتن یاہو کی قیادت میں حکومت بنانے کے مخالف ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments