نئے صوبوں پر ریفرنڈم کیلئے اہم رابطے : صدر زرداری، بلاول سے اہم شخصیت کی ملاقات، اسحاق ڈار اور ایاز صادق بھی ایوان صدر گئے، محسن نقوی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملے
پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے اہم شخصیت کی ملاقات جمعہ کو ہوئی،تفصیلی بات چیت کی گئی ،ریفرنڈم چار مراحل میں الگ الگ صوبوں میں ہوگا،جس صوبے کے عوام مخالفت کرینگے وہاں نظام نہیں بدلے گا باور کرایا گیا کہ ریفرنڈم کے بغیر ارکان اسمبلی کی رائے کوعوامی آرا نہیں سمجھا جاسکتا،تلخ بیانات کے بعد ڈیمیج کنٹرول کیلئے نائب وزیراعظم اور سپیکر صدر سے ملے ،جماعت اسلامی سے رابطہ بھی اتفاق رائے کی کوشش
اسلام آباد (ثمر عباس)نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کے حوالے سے معاملات میں تیزی آنے لگی ۔اس دوران صدر زرداری اور بلاول بھٹو سے اہم شخصیت کی ملاقات کا انکشاف ہوا ہے ۔ جو پیپلز پارٹی کی قیادت کے تحفظات دور کرنے کے لئے جمعہ کی شام ایوان صدر میں ہوئی ہے ۔ جس کی تصدیق پیپلز پارٹی کے اہم ذریعے نے دنیا نیوز سے گفتگو میں کی ہے ۔ اس اہم ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے ۔ اس میں نئے صوبوں کے قیام اور اس سے پہلے عوامی رائے جاننے کے لئے ریفرنڈم کے انعقاد پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس پیشرفت سے آگاہ ایک اور ذریعے نے رابطہ کرنے پر دنیا نیوز کو بتایا کہ ریفرنڈم کا انعقاد چار مختلف مراحل میں الگ الگ صوبوں میں کیا جائیگا۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے سلسلے میں فیصلہ عوام کریں گے اور اس سلسلے میں اگر کسی صوبے کے عوام اس صوبے کی انتظامی بنیادوں پر تقسیم کی مخالفت کرتے ہیں تو وہاں پرانا نظام تبدیل نہیں کیا جائیگا۔ لیکن سیاسی جماعتوں کو یہ باور کروایا جا رہا ہے کہ جب تک کہ عوام براہ راست ریفرنڈم کے ذریعے اپنا فیصلہ نہ دیں، صوبائی اسمبلی کے ارکان کی رائے کو عوامی آرا نہیں سمجھا جا سکتا۔
مزید براں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات کو بھی انتظامی یونٹس اور ریفرنڈم کے سلسلے میں سیاسی اتفاق رائے کے قیام کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب ایک دوسرے کے خلاف تلخ بیانات کے بعد حکومت کی جانب سے ڈیمیج کنٹرول کی کوششیں بھی جاری ہیں۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وفد کے ہمراہ صدر آصف زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف اور سینیٹر شیری رحمن بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں صوبوں کے قیام، ریفرنڈم اور مجوزہ آئینی ترمیم سمیت اہم سیاسی امور پر گفتگو ہوئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments