ایران کا امریکی ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ ، سینٹ کام کی تردید

 ایران کا امریکی ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ ، سینٹ کام کی تردید

ایران کیساتھ مستقل معاہدہ چاہتا ہوں:ٹرمپ،جنگی محاذ سے زیادہ مشکل خاموش معاشی جنگ کا سامنا ہے :ایرانی صدر قطر ی وفد کا دورہ تہران ، ایرانی حکام سے دو گھنٹے مذاکرات،آبنائے ہرمز میں 2تیل بردار ٹینکر پر حملے ، آگ بھڑک اٹھی

تہران ،واشنگٹن(اے ایف پی)ایران کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے خلیج فارس میں ایک امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو میزائل سے نشانہ بنا کر نقصان پہنچایا جس کے بعد طیارے نے خطے میں موجود ایک امریکی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ایرانی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے دشمن کے جاسوس اور جنگی ڈرونز کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کیا ہے جبکہ بعض ڈرونز کو قبضے  میں لیا گیا۔سینٹکام نے ایران کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے خلیج کے علاقے میں ایک امریکی ایف 16 جنگی طیارے کو نشانہ بنا کر نقصان پہنچایا ہے ۔بیان میں کہا کہ ایران نے کسی امریکی ایف16 طیارے پر حملہ نہیں کیا۔ مشرقِ وسطیٰ میں موجود تمام امریکی جنگی طیارے محفوظ اور مکمل طور پر فعال ہیں۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ صرف ایک مستقل اور دیرپا معاہدہ چاہتے ہیں۔امریکی صدر نے فاکس نیوز کو فون پر ایک انٹرویو میں کہامجھے کبھی بھی حکومت کی تبدیلی میں زیادہ دلچسپی نہیں رہی۔

کچھ لوگ حکومت کی تبدیلی کی بات کرتے ہیں لیکن آپ کو یہ بھی بتانا پڑتا ہے کہ اس کا مطلب کیا ہے ۔ میں اب تک دو حکومتوں کا خاتمہ کر چکا ہوں۔ اب ہم گروپ تھری سے نمٹ رہے ہیں۔ اس لیے آپ اسے حتمی حکومت کی تبدیلی بھی کہہ سکتے ہیں۔ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جو طویل عرصے تک برقرار رہے تاکہ اگر 4، 15 یا 20 سال بعد کوئی نااہل صدر بھی آ جائے تو ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے ۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران اس وقت ایک خاموش معاشی جنگ کا سامنا کر رہا ہے جو میزائلوں سے لڑی جانے والی فوجی جنگ سے کہیں زیادہ مشکل ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ پزشکیان نے تہران میں سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایسی خاموش جنگ میں مصروف ہے جو میزائل داغنے اور تباہی پھیلانے والی جنگ سے کہیں زیادہ مشکل ہے ۔مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کیلئے ثالثی کرنے والے قطر کے ایک وفد نے تہران کا دورہ کیا اور ایرانی حکام سے دو گھنٹے مذاکرات کیے ۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بتایا کہ قطری وفد جمعہ کی شام تہران پہنچا تھا تاہم انہوں نے مذاکرات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔امریکی سینٹکام کے کمانڈر بریڈ کوپر نے دوحہ میں قطر کے وزیر دفاع سعود بن عبدالرحمن آل ثانی سے ملاقات کی۔

قطری وزارتِ دفاع نے بیان میں کہا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ایران افزودہ یورینیم کا ذخیرہ ملک سے باہر منتقل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔افزودہ جوہری مواد کی منتقلی ایران کی سرخ لکیر ہے ۔عباس عراقچی نے کہا کہ چین اور روس ایران کے جوہری نظریے میں تبدیلی کے مخالف ہیں اور تہران کا سرکاری موقف بدستور برقرار ہے ۔بعض سخت گیر حلقے جوہری ہتھیار بنانے کو دفاعی ضرورت قرار دیتے ہیں۔آبنائے ہرمز میں ہفتے کو دو تیل بردار ٹینکر پر حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں ایک جہاز میں آگ لگ گئی۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بحرین کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ایران نے ملک میں ایک شہری صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایاہے ، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور املاک کو نقصان پہنچا۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...