ماہی گیری کوزیادہ برآمدات کی صنعت میں تبدیل کرنے پرزور

ماہی گیری کوزیادہ برآمدات کی صنعت میں تبدیل کرنے پرزور

گزشتہ سال 56.8 کروڑ کی سمندری خوراک برآمد کی گئی، وفاقی وزیر بحری امور مچھلی کی پیداوار 6لاکھ 42 ہزار 180 میٹرک ٹن تک پہنچ گئی، جنید انوار، پیغام

اسلام آباد (بزنس ڈیسک)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے ماہی گیری کے شعبے کو زیادہ مالیت کی برآمدات کی صنعت میں تبدیل کرنے پر زور دیا ہے ، ساتھ ہی ماہی گیر برادری کیلئے باعزت روزگار، بہتر ذریعہ معاش اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ جاری بیان کے مطابق ورلڈ فشریز ڈے 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے ماہی گیری کے شعبے میں بے پناہ پوشیدہ صلاحیت موجود ہے اور مالی سال 26-2025 کے جولائی تا مارچ مچھلی کی پیداوار 6 لاکھ 42 ہزار 180 میٹرک ٹن تک پہنچ گئی، جس میں 4 لاکھ 27 ہزار 180 ٹن سمندری ماہی گیری اور 2 لاکھ 15 ہزار ٹن اندرونِ ملک آبی ذخائر سے حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 26-2025 کے دوران سمندری خوراک (سی فوڈ) کی برآمدات سے 56 کروڑ 80 لاکھ ڈالر (568 ملین ڈالر) کا زرمبادلہ حاصل ہوا، جو ساحلی اور اندرونِ ملک ماہی گیر برادریوں کیلئے زرمبادلہ، روزگار اور معاشی مواقع کے ایک ذریعے کے طور پر اس شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے ۔

تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماہی گیری کے طریقوں کو جدید بنانے ، بنیادی ڈھانچے (انفرااسٹرکچر) کو بہتر کرنے ، ریگولیٹری نگرانی کو مضبوط بنانے اور ویلیو ایڈیشن میں اضافے کے بغیر محض پیداوار اور برآمدی آمدنی بڑھانا اس شعبے کی مکمل صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے کافی نہیں ہوگا۔ ماہی گیری اور آبی زراعت میں باوقار روزگار کا فروغ، بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کے لیے کا حوالہ دیتے ہوئے جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ماہی گیر برادریوں کو پاکستان کے بلیو اکانومی کے عزائم کا مرکزی فائدہ اٹھانے والا طبقہ بننا چاہیے ۔ انہوں نے کام کے حالات، پیشہ ورانہ تحفظ، تکنیکی تربیت اور ماہی گیری کی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ سمندری خوراک (سی فوڈ) کی پروسیسنگ، آبی زراعت، مارکیٹنگ، کاروبار (انٹرپرینیورشپ) اور ماہی گیری سے متعلق دیگر کاروباروں میں خواتین اور نوجوانوں کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شکار کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کرنے اور سمندری خوراک کی مصنوعات کے معیار اور قدر میں اضافے کیلئے پاکستان کو پوری سی فوڈ ویلیو چین-ذمہ دارانہ شکار اور کشتیوں پر دیکھ بھال سے لے کر کولڈ اسٹوریج، نقل و حمل، پروسیسنگ، پیکیجنگ اور بین الاقوامی مارکیٹنگ تک کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے وسائل کے بے دریغ استعمال کو روکنے اور سمندری حیاتیاتی تنوع (بائیو ڈائیورسٹی) کے تحفظ کے لیے سائنسی بنیاد پر ماہی گیری کے انتظام، وسائل کے قابلِ اعتماد تخمینوں، ذمہ دارانہ ماہی گیری کے طریقوں اور مضبوط نگرانی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمدی منڈیوں میں تنوع لانے اور زیادہ قدر والی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے خوراک کے تحفظ، سراغ رسانی (ٹریس ایبلٹی) اور پائیداری کے بین الاقوامی معیارات کی پاسداری ناگزیر ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...