سرمایہ کاروں کے اعتماد کیلئے پالیسی میں یکسانیت ناگزیر
مختلف کاروباری ضوابط کا نفاذ منفی سگنل بھیجتا ہے ، اسلام آباد چیمبر
اسلام آباد(اے پی پی)اسلام آباد چیمبرنے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں اور شاپنگ سینٹرز کو رات 9 بجے تک اور ریسٹورنٹس کو رات 11:30 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے ۔اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ سندھ کے بازاروں، ریستورانوں اور شادی ہالز کے اوقات ایک متوازن ماڈل پیش کرتے ہیں جو معاشی سرگرمیوں پر سمجھوتہ کیے بغیر توانائی کے تحفظ کو بھی یقینی بناتا ہے ۔انہوں نے دارالحکومت میں تاجروں کو سہولت فراہم کرنے اور تجارتی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے اسی طرح کا کاروبار دوست انداز اپنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ایک ہی ملک کے مختلف حصوں میں مختلف کاروباری ضوابط کا نفاذ کاروباری اور سرمایہ کاری برادری کے لیے منفی سگنل بھیجتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی مستقل مزاجی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے پالیسی میں یکسانیت ضروری ہے ،ایک منقسم ریگولیٹری ماحول کاروبار کیلئے غیر یقینی صورتحال اور آپریشنل چیلنجز پیدا کرتا ہے۔