سالٹ ایکسپورٹرز اور کسٹمزکاٹھوس اقدامات پر اتفاق

سالٹ ایکسپورٹرز اور کسٹمزکاٹھوس اقدامات پر اتفاق

پیکنگ کی خرابی ار غلط تجارتی کوڈز کا مسئلہ فوری حل کیا جائے گا،حکام

کراچی(بزنس ڈیسک)سالٹ ایکسپورٹرز اور کسٹمز حکام نے عالمی مارکیٹ میں سالٹ انڈسٹری کی ساکھ کو متاثر کرنے والے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات پر اتفاق کیا جس کے تحت بندرگاہ پر کنٹینرز کی نامناسب ری سیلنگ کے باعث بیرون ملک پہنچنے پر پیکنگ کے خراب ہونے کے مسئلے کوحل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ایک اور اہم مسئلہ برآمدات کو عمومی (جنرل)تجارتی کوڈ کے تحت ظاہر کرنے کی روش جس کے باعث غیر ضروری اور بار بار جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا اس کو بھی ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین اسماعیل ستار کی قیادت میں ایک وفد نے کلکٹر کسٹمز (ایکسپورٹ)رضوان محمود اور سینئر افسران سے ملاقات کی جس میں نمک کے مینوفیکچررز اور برآمدکنندگان کو درپیش اہم برآمدی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفد نے برآمدات سے متعلق درپیش مختلف چیلنجز اجاگر کیے اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں جبکہ کسٹمز حکام نے مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں