میزان بینک کارڈ ادائیگیاں ماہانہ 45ارب سے متجاوز
ملک میں پے منٹ کارڈز کی تعداد بڑھ کر 6کروڑ 67لاکھ تک پہنچ گئی
کراچی (بزنس ڈیسک)میزان بینک کے کارڈز کے ذریعے ماہانہ ادائیگیوں کاحجم45 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے جو صارفین کے ادائیگی کے رجحانات میں نمایاں تبدیلی اور پاکستان کے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کی تیز رفتار ترقی کی عکاسی ہے ۔یہ سنگِ میل اس بات کی عکاسی ہے کہ ملک بھر میں کیش لیس ادائیگیوں کی جانب رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور کارڈز، موبائل ایپلی کیشنز اور کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگیوں کا استعمال مسلسل فروغ پا رہا ہے ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک میں ایک سہ ماہی کے دوران ڈیجیٹل ریٹیل ٹرانزیکشنز کی تعداد 3.1 ارب تک پہنچ گئی جن کی مجموعی مالیت 64 ٹریلین روپے رہی۔ اسی دوران، مرکزی بینک کے فوری ادائیگی کے نظام راست کے ذریعے 645.7 ملین ٹرانزیکشنز ہوئیں۔
جن کی مالیت 18.5 ٹریلین روپے رہی جبکہ زیر گردش پے منٹ کارڈز کی تعداد بڑھ کر 6 کروڑ 67 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔اس تیزی سے پھیلتے ہوئے منظرنامے میں میزان بینک کے اعداد و شمار اسلامی بینکاری اداروں کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔ میزان بینک کے مطابق یہ رجحان بہتر ادائیگی انفرااسٹرکچر، وسیع مرچنٹ نیٹ ورک اور جدید سیکیوریٹی فیچرز کی بدولت فروغ پا رہا ہے ۔ اس ترقی میں محفوظ ادائیگی کے نظام اور صارفین کے بہتر تجربے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جس میں جدید فراڈ مانیٹرنگ، مضبوط تصدیقی نظام اور ٹوکنائزڈ ادائیگی کے سلوشنز شامل ہیں۔