بین الاقوامی فورمز کیلئے نیشنل کمیٹیوں کی تشکیل کا باضابطہ اعلان

بین الاقوامی فورمز کیلئے نیشنل کمیٹیوں کی تشکیل کا باضابطہ اعلان

ملک بھر کی تجارتی تنظیموں، چیمبرز، ایسوسی ایشنز میں رکنیت سازی مہم بھی شروع علاقائی وعالمی اقتصادی پلیٹ فارمز پر ملکی نمائندگی، فعال شرکت ممکن،عاطف اکرام

کراچی(کامرس رپورٹر)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے مختلف بین الاقوامی فورمز بشمول ECO CCI،پاکستان-ای یو بزنس فورم، CACCI، پاکستان-آسیان بزنس فورم، کامن ویلتھ،D-8 CCIاور او آئی سی پر نیشنل کمیٹیوں کی تشکیل کا باضابطہ اعلان کردیا ہے اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملک بھر کی تجارتی تنظیموں، چیمبرز اور ایسوسی ایشنز میں ان کمیٹیوں کی رکنیت سازی کی مہم کا بھی آغاز کر دیا ہے عاطف اکرام شیخ نے بیان کیا کہ یہ اہم اقدام علاقائی اور عالمی اقتصادی پلیٹ فارمز پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی اور فعال شرکت کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا، جس کا مقصد معروف بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ ایک مربوط اور نتائج پر مبنی انداز میں روابط استوار کرکے ملکی تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی مفادات کو فروغ دینا ہے ، انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ان کمیٹیوں میں کاروباری برادری کے تجربہ کار نمائندے اور وہ اسٹیک ہولڈرز شامل ہونگے جو عالمی منڈیوں کا گہرا فہم رکھتے ہیں، عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام پاکستان کی کاروباری برادری کو بدلتی ہوئی عالمی اقتصادی صورتحال کے مطابق ڈھالنے کیلئے ایف پی سی سی آئی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے یہ کمیٹیاں تجارتی سفارت کاری کے فروغ، دوطرفہ اور کثیر جہتی تعاون کی بہتری، برآمدات اور مشترکہ منصوبوں کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے اور حکومت کو مؤثر پالیسی ان پٹ فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں