کیمیکلز مرچنٹس کا شرح سود میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ
کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین سلیم ولی محمد نے خبردار کیا ہے کہ شرح سود میں ایک فیصد اضافہ ملکی معیشت کو سست روی کی طرف دھکیل دے گا اور اس فیصلے سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب پہلے ہی عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے نام پر شرح سود بڑھانا کوئی نیا حل نہیں بلکہ یہ ایک پرانا اور ناکام نسخہ ہے جس کا خمیازہ ہمیشہ تاجر اور صنعتکار بھگتتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب شرح سود بڑھتی ہے تو معاشی سرگرمیاں سست پڑ جاتی ہیں۔ یہ کوئی آج کی بات نہیں ہم پہلے دن سے یہی کہتے آ رہے ہیں۔ جس وقت شرح سود کم کرنے کا موقع تھا اس وقت یہ قدم نہیں اٹھایا گیا اور اب جب عالمی حالات بدل چکے ہیں، تیل کی قیمتیں اپنی راہ چل رہی ہیں اور مہنگائی کا دباؤ بڑھ رہا ہے تب یہ اضافہ کیا جا رہا ہے ۔سلیم ولی محمد نے حکومت اور اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ بزنس کمیونٹی کے خدشات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور معاشی استحکام کے لیے شرح سود میں کمی کی پالیسی اپنائی جائے تاکہ صنعت و تجارت کو فروغ مل سکے اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔