مریم نواز کا کارخانوں ، فیکٹریوں اور دفاتر میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم
ورک فورس ملک کا قیمتی اثاثہ ،ورکرز کی صحت اور حفاظت کی پروا نہ کرنیوالی فیکٹریوں کو جرمانے ہونگے لیبر قوانین میں ترمیم لا رہے ، وزیر اعلیٰ ،میزائل کی کامیاب مشق پرفوجی جوانوں، سائنسدانوں کو مبارکباد
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کام کی جگہ پر حفاظت، صحت اورلیبر کی فلاح و بہبودکو ملک کی ترقی کے لیے ایک بنیادی ستون قرار دیا اور مزدوروں کی حفاظت اور بحالی کاعزم کیا ہے ، کام کی جگہ پر حفاظت اور صحت کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے فیکٹریوں اور کارخانوں میں لیبر کے لیے جسمانی اور ذہنی صحت کے تحفظ پر زوردیا،انہوں نے لیبرڈیپارٹمنٹ اور دیگراداروں کو کام کی جگہوں پرقوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے مزدوروں کی حفاظت اور صحت عامہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح قراردیا اور کارخانوں، فیکٹریوں اور دفاتر میں سیفٹی آلات اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیبر، ورکر اور مزدوروں کو کام کی جگہ پر خطرات سے بچانے کیلئے حفاظتی آلات اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت ہے ، ایک صحت مند اور محفوظ کارکن ہی ایک مضبوط قوم کی تعمیر کر سکتا ہے۔
تمام اداروں اور صنعتی شعبوں کے مالکان ورکروں کی حفاظت کو ترجیح دیں اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے ضروری اقدامات کریں،کارخانوں، دفاتر، ورک پلیس پر سیفٹی کلچر کا شعور ضروری ہے ، ورکرز کے تحفظ کیلئے لیبر قوانین میں ترمیم لا رہے ہیں، راشن کارڈ کے ذریعے 14 لاکھ محنت کشوں کو ماہانہ مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے ، رواں مالی سال 50 ہزار مزید محنت کشوں کو راشن کارڈ جاری کئے جائیں گے ، ورک فورس ملک کا قیمتی اثاثہ ہے ، ان کی صحت اور سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، لیبرز کی جان و مال کا تحفظ اور محفوظ ورکنگ انوائرمنٹ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کام کی جگہ پر حادثات کی روک تھام کیلئے بین الاقوامی معیار کے سیفٹی قوانین پر عمل درآمد ضروری ہے ، ورکرز کی صحت اور حفاظت کی پروانہ کرنیوالی فیکٹریوں کو جرمانے ہونگے ،دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے میزائل کی کامیاب مشق پر فوجی جوانوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید ایویونکس اور جدید نیویگیشن ٹیکنالوجی سے لیس فتح ٹومیزائل پاکستانی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ ہے ،میزائل 400 کلومیٹر تک انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتاہے ۔امن کے داعی ہیں لیکن دفاع سے غافل نہیں۔