اسٹاک مارکیٹ :ایک ماہ میں ہزاروں نئے سرمایہ کار شامل

اسٹاک مارکیٹ :ایک ماہ میں ہزاروں نئے سرمایہ کار شامل

اکاؤنٹس میں 24 ہزار اضافہ، مجموعی سرمایہ کار 5 لاکھ 45 ہزار سے زائد نوجوانوں کی دلچسپی،رفتار برقرار رہی تو مارکیٹ مزید مستحکم ہوگی، ماہرین

کراچی (بزنس رپورٹر)اسٹاک مارکیٹ نے سرمایہ کاری کے میدان میں ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا جہاں صرف ایک ماہ کے دوران ہزاروں نئے سرمایہ کار مارکیٹ کا حصہ بن گئے جو ملکی مالیاتی مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے ۔ مشیر برائے وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق اپریل 2026کے دوران پہلی بار نئے سرمایہ کار اکاؤنٹس میں 24 ہزار سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجسکے بعد مجموعی اسٹاک سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 45 ہزار سے تجاوز کرگئی ۔یہ پیش رفت پاکستان کی سرمایہ کاری تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے ۔ مزید برآں پبلک مارکیٹ میں مجموعی سرمایہ کاروں کی تعداد 13 لاکھ 30 ہزار سے بھی بڑھ چکی ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ سرمایہ کاری کا دائرہ تیزی سے وسیع ہو رہا ہے اور عام شہری بھی اسٹاک مارکیٹ کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق نئے سرمایہ کاروں میں نوجوان نسل کی بھرپور شمولیت دیکھنے میں آئی ہے جو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، آن لائن ٹریڈنگ سہولیات اور مالیاتی آگاہی میں اضافے کا نتیجہ ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی یہ دلچسپی مستقبل میں مارکیٹ کی گہرائی اور لیکوڈٹی کو مزید مضبوط بنائے گی۔ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو نہ صرف اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا کلچر مضبوط ہوگا بلکہ ملکی معیشت میں دستاویزی معیشت کو فروغ ملے گا اور کیپٹل مارکیٹ مزید مستحکم ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں