ترکیہ :آواز کی رفتار سے 25 گنا تیز بین البراعظمی میزائل اورجدید سمندری ڈرونز طوفان کی نمائش
انقرہ(دنیا مانیٹرنگ)ترکیہ کی وزارت برائے قومی دفاع کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر نے ملک کے پہلے بین البراعظمی میزائل ‘یلدرم ہان’ کی نمائش کی ہے ۔یلدرم ہان میزائل کو استنبول میں بین الاقوامی ساہا ایکسپو کے پہلے دن نمائش کے لیے رکھا گیا تھا۔۔
، جو 5 مئی کو شروع ہوئی اور 9 مئی تک جاری رہے گی۔میزائل کی ایک طرف سلطنت عثمانیہ کے سلطان بایزید اول کا مونوگرام بنا ہوا ہے جبکہ اس کے اوپری حصے پر مصطفی کمال اتاترک کا نشان موجود ہے ۔ایک بیان میں ترکی کے وزیرِ برائے قومی دفاع یاسر گلر کا کہنا تھا کہ یہ ملک کا پہلا میزائل ہے جو لیکویڈ فیول سے چلے گا اور اس میں ہائپرسونک میزائل کی خصوصیات موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ترکیہ کی طرف سے بنایا گیا اب تک کا سب سے طویل فاصلے تک سفر کرنے والا میزائل ہے ۔نمائش کے لیے رکھے گئے میزائل کے پاس موجود ایک چارٹ کے مطابق یلدرم ہان کی حد چھ ہزار کلومیٹر تک ہے ۔ اس میں چار راکٹ انجن نصب ہیں اور یہ آواز کی رفتار سے 25 گنا تیز رفتار میں سفر کر سکتا ہے ۔اس میزائل میں لیکویڈ نائٹروجن ٹیٹراکسائیڈ فیول استعمال ہوگی۔
ادھرترک دفاعی کمپنی اسیلسان نے جدید سمندری ڈرونز بھی متعارف کرادئیے جن میں ‘طوفان’ نامی اَن مینڈ سرفیس وہیکل بھی شامل ہے ۔کمپنی نے یہ جدید ڈرون استنبول میں جاری SAHA 2026 دفاعی نمائش میں متعارف کروایا۔ کمپنی کے مطابق یہ ڈرون سطح سمندر پرخودکار جنگی کارروائیوں کے لیے تیار کیا گیا ہے اور حملے کے ساتھ ساتھ جاسوسی اور انٹیلیجنس مشنز بھی انجام دے سکتا ہے ۔یہ 8.1 میٹر طویل ڈرون پیٹرول انجن اور واٹر جیٹ پروپلشن سے چلتا ہے جو اسے تیز رفتار اور زیادہ تیزی سے حرکت کرنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے اور اسے ساحل کے قریب اور کھلے سمندر میں فوری تعیناتی کے قابل بناتا ہے ۔اس میں خودکار نیویگیشن، رکاوٹوں سے بچاؤ اور وژن بیسڈ سسٹمز کے ذریعے اہداف کی شناخت کی صلاحیت بھی شامل ہے ۔‘طوفان’ کو ہائی ایکسپلوسیو وارہیڈ سے لیس کیا گیا ہے جس کے ذریعے یہ سطح سمندر پر موجود اہداف، ساحلی تنصیبات اور اہم فوجی اثاثوں کو نشانہ بنا سکتا۔