اسٹیٹ لائف کی کل آمدنی 640 ارب روپے سے تجاوز
پالیسی ہولڈرز کے لیے 181 ارب روپے کے ریکارڈ بونس کا اعلان
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان نے مالی سال 2025 کے شاندار نتائج جاری کرتے ہوئے ایک بار پھر ملکی انشورنس سیکٹر میں اپنی برتری ثابت کردی۔رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ لائف کی کل آمدنی 640 ارب روپے سے تجاوز کرگئی جبکہ پریمیم آمدنی 289 ارب روپے ریکارڈ کی گئی ،اسی طرح ادارے نے ٹیکس سے قبل 26 ارب روپے سے زائد منافع کمایا ۔ قومی ادارے کی جانب سے پالیسی ہولڈرز کیلئے 181ارب روپے کا تاریخی بونس مختص کیا گیا ہے۔ مزید برآں اسٹیٹ لائف نے کلیمز کی مد میں 224 ارب روپے کی خطیر ادائیگیاں بھی کیں، زیر انتظام اثاثے بڑھ کر 2.5 کھرب روپے تک پہنچ گئے ۔ انفرادی لائف انشورنس کا نیا کاروبار 32 فیصد اضافے کے ساتھ 40 ارب روپے سے تجاوز کرگیا ۔ سی ای او شعیب جاوید حسین نے کہا کہ ہماری ذمہ داری کارکردگی سے آگے بڑھ کر اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ترقی ان مقامات پر فراہم کی جائے جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ۔