سٹاک ایکسچینج:زبردست تیزی انڈیکس 6962 پوائنٹس بڑھ گیا

سٹاک ایکسچینج:زبردست تیزی  انڈیکس 6962 پوائنٹس بڑھ گیا

کراچی(بزنس رپورٹر)سٹاک ایکسچینج میں بدھ کو زبردست تیزی دیکھی گئی۔دوران ٹریڈنگ انڈیکس ایک بار بھی منفی اسکیل پر ٹریڈ نہیں ہوا اور مسلسل تیزی کے ساتھ 6نفسیاتی حدیں پار کرگیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز 2 ہزار 646 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 67 ہزار 389 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا،100 انڈیکس دن بھر زبردست تیزی کی جانب گامزن رہا ۔ دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس7300 پوائنٹس بڑھ کر یومیہ 1 لاکھ 72 ہزار 88 پوائنٹس کی نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا۔ دن بھر بڑے مالیاتی اداروں کی جانب سے اور مقامی سرمایہ کاروں نے بینکنگ ، آئل اینڈ گیس، سیمنٹ ، آٹو، فارما اور فرٹیلائزر اسٹاکس پر خصوصی توجہ مرکوزکئے رکھی۔ زبردست تیزی کی بدولت81فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت میں 7کھرب 15ارب کا اضافہ ہوگیا ۔ماہرین کے مطابق پاکستان کی بہترین سفارتکاری، امریکا ایران جنگ کا ممکنہ خاتمہ، اسٹاک ایکسچینج میں سپورٹ فنڈ کا قائم ہونا ، آئی ایم ایف سے مثبت مذاکرات ، مارکیٹ میں نئے سرمایہ کاروں کی آمد اور عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا یکدم گرنا زبردست تیزی کی وجہ بنا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 6962 پوائنٹس کے اضافے سے 171704پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 2242پوائنٹس کے اضافے سے 51734 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 3892پوائنٹس کے اضافے سے 102482پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 9855پوائنٹس کے اضافے سے 246406پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم منگل کی نسبت 165.25فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 1ارب 20کروڑ 21لاکھ 67ہزار 555 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پرر 489 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 395 کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں اضافہ، 67 کمپنیوں میں کمی اور 27 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں