حوالہ ہنڈی اور جعلی مصنوعات لاہور اورپشاورسے 4ملزم گرفتار
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ،اے پی پی) ایف آئی اے لاہور زون نے حوالہ ہنڈی اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
بتایاگیاہے کہ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران محمد علی منیر اور نادر کو حراست میں لیا۔ محمد علی منیر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث پایا گیا، جس سے 4 لاکھ 50 ہزار روپے اور حوالہ ہنڈی سے متعلق ڈیجیٹل اور دستاویزی شواہد برآمد ہوئے ۔نادر کو کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے معروف رجسٹرڈ کمپنی کی جعلی مصنوعات کی بڑی مقدار برآمد ہوئی،نادرپر جعلی برانڈڈ مصنوعات کی فروخت اور ذخیرہ کرنے کا الزام ہے ۔ دوسری جانب ایف آئی اے خیبرپختونخوا نے صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی حوالہ ہنڈی کیخلاف کارروائی میں 25 کروڑ 3 لاکھ 94 ہزار روپے برآمد کر لئے ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سی بی سی پشاور نے خفیہ اطلاع پر 5 مئی کو ضلع ملاکنڈ کے قریب چکدرہ ٹول پلازہ پر کارروائی کی اوردوملزموں محمد عمران اور عثمان کو گرفتار کیا ، جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں نقد رقم اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم شواہد برآمد ہوئے ۔