اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا منفی آغاز،33ارب خسارہ
سرمایہ کارمحتاط، 609پوائنٹس کی کمی سے 100انڈیکس 170506 پر بند کاروباری حجم 8فیصد زائد رہا ، 488کمپنیوں میں سے 215کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے رحجان سے ایشیائی مارکیٹوں سمیت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندی کی زد میں رہی ،100 انڈیکس کی 1لاکھ 70ہزار پوائنٹس کی سطح گرگئی۔ دوران ٹریڈنگ اتار چڑھاؤ کے بعد مسلسل مندی کے سبب 44فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 33ارب 47کروڑ روپے ڈوب گئے ۔ ایک موقع پر 188پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن مشرق وسطی کشیدگی اور خام تیل کی عالمی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا رحجان کیپٹل مارکیٹ کی نفسیات پر منفی اثر مرتب کرتا رہا اورسرمایہ کاروں نے محتاط طرز عمل اختیار کرتے ہوئے حصص کی فروخت کو ترجیح دی جس سے ایک موقع پر 1532پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 70ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 609پوائنٹس کی کمی سے 170506 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 457 پوائنٹس کی کمی سے 51021پوائنٹس اور آل شیئرزانڈیکس 32پوائنٹس کی کمی سے 102597 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 8فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 1ارب 10کروڑ 32لاکھ 96ہزار 728 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 488 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 234 کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں اضافہ، 215 میں کمی اور 39 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔