جدید لیتھیم آئن بیٹریوں کی مقامی سطح پر تیاری شروع
صارفین لوڈشیڈنگ سے نجات ، بہتر بیک اپ حاصل کر سکیں گے
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج کو موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق ایک مقامی کمپنی نے میڈ اِن پاکستان لیتھیم آئن بیٹریاں متعارف کرا دی ہیں جو توانائی کے متبادل ذرائع خصوصاً سولر سیکٹر کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے ۔ کمپنی کی جانب سے جاری خط میں بتایا گیا ہے کہ یہ جدید لیتھیم آئن بیٹریاں خاص طور پر رہائشی توانائی کے حل کے طور پر ڈیزائن کی گئی ہیں اور انہیں روف ٹاپ سولر سسٹمز کے ساتھ مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔توانائی ذخیرہ کرنے کی اس نئی ٹیکنالوجی سے صارفین نہ صرف بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران بہتر بیک اپ حاصل کر سکیں گے بلکہ اپنی پیدا کردہ سولر انرجی کو بھی مؤثر طریقے سے محفوظ بنا سکیں گے ۔ یہ بیٹریاں روایتی لیڈ ایسڈ بیٹریوں کے مقابلے میں زیادہ توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ان کی عمر زیادہ ہوتی ہے اور کارکردگی بھی بہتر ہے جس کے باعث یہ پرانے نظام کا مؤثر اور دیرپا متبادل بن سکتی ہیں۔ مزید برآں ان بیٹریوں کو جدید ہائبرڈ انورٹرز اور انرجی مینجمنٹ سسٹمز کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے۔