لبنان :جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے ،22 افراد شہید
حماس کی سیاسی قوت برقرار رہ سکتی بشرطیکہ ہتھیار چھوڑ دے :امریکی نمائندہ
بیروت،تل ابیب (اے ایف پی)لبنان میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں میں22افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ،شہدا میں5بچے اور 2خواتین بھی شامل ہیں۔ لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق حملے زیادہ تر بیروت کے جنوب اور ساحلی شاہراہ کے اطراف گاڑیوں کو نشانہ بنا کر کیے گئے ۔ حملوں کے بعد کئی گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک 16 سالہ فلسطینی لڑکا شہید ہوگیا جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے ۔ غزہ کے لیے ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے اعلیٰ نمائندے نے کہا ہے کہ حماس سیاسی قوت کے طور پر برقرار رہ سکتی ہے بشرطیکہ وہ اپنے ہتھیار چھوڑ دے ۔ نکولے ملادینوف نے یروشلم میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ موجودہ مسلح قیادت کو غزہ کی حکمرانی سے دستبردار ہونا ہوگا۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی جنگجوؤں کے لیے قائم کی گئی خصوصی فوجی عدالت کو فوری طور پر ختم کرے ۔یہ قانون بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیار پر پورا نہیں اترتا اور یکطرفہ انصاف کو فروغ دیتا ہے ۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اس عدالت میں تقریباً 400 افراد کے ٹرائل کا امکان ہے ۔