جدید ٹیکنالوجی سے آدھی فیلڈ میں تیل و گیس پیداوار بحال
ہائیڈرولک فریکچرنگ سے یومیہ 800 بیرل تیل، نئی گیس پیداوار بھی شروع
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں انکشاف کیا ہے کہ ملکی آئل اینڈ گیس سیکٹر میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی، پوٹھوہار ریجن میں آدھی ساؤتھ-ٹو فیلڈ میں نہ صرف پانی کے بڑھتے اخراج پر قابو پا لیا گیا بلکہ تیل و گیس کی پیداوار بھی بحال ہوگئی۔ کمپنی کے مطابق آدھی ساؤتھ ٹو کنواں، جسے 2020 میں کھودا گیا تھا، ابتدائی طور پر یومیہ تقریباً 800 بیرل خام تیل پیدا کر رہا تھا، تاہم وقت کے ساتھ کنوئیں میں پانی کی مقدار بڑھنے کے باعث پیداوار بند ہو گئی تھی اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے جدید سائیڈ ٹریکنگ اور ہائیڈرولک فریکچرنگ جیسی پیچیدہ تکنیکوں کا استعمال کیا گیا۔خط کے مطابق جدید آپریشن کے نتیجے میں خام تیل کی پیداوار یومیہ 200 بیرل سے بڑھ کر دوبارہ 800 بیرل کی سطح تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس کیساتھ گیس کے نئے ذخائر بھی دریافت ہوئے۔