سروس لانگ مارچ ٹائرز کے آئی پی او کی بک بلڈنگ آج سے ہوگی
شیئر کی اسٹرائک پرائس 40فیصد اضافے کیساتھ 19.95روپے شیئر تک بڑھ سکتی
کراچی(بزنس ڈیسک)سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ کے آئی پی او کی بک بلڈنگ کاآغاز آج ہوگاجو 19 مئی 2026 تک جاری رہے گی۔بک بلڈنگ کا آغاز14.25فی شیئر سے کیا جائے گا اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی بنیاد پرشیئر کی اسٹرائک پرائس 40فیصد اضافے کے ساتھ 19.95روپے فی شیئر تک بڑھ سکتی ہے ۔اس آئی پی او کے ذریعے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مینوفیکچرنگ اور برآمدات پر مبنی ترقی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا موقع حاصل ہوگا۔آئی پی او کی لیڈ منیجر عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد علی حبیب نے کہا کہ یہ پیشکش سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان کے مینوفیکچرنگ اور برآمدی شعبوں میں سرمایہ کاری کا ایک اہم موقع ہے، زیادہ سے زیادہ قیمت پر یہ آئی پی او تقریباً 7.8 ارب تک کا فنڈز حاصل کر سکتا ہے،جس کو کمپنی کاروں کے ریڈیل ٹائرزکی مقامی پیداوارکے قیام کے منصوبے پر استعمال کرے گی۔اس اقدام کا مقصد درآمدی ٹائرز پر انحصار کم کرنا اور مقامی مینوفیکچرنگ صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔ کمپنی ایک جدید پی سی آر مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرے گی جس کی کمرشل پیداوار جنوری 2028میں شروع ہونے کا امکان ہے۔