بزنس فورم:وفاقی بجٹ، فنانس بل کے مختلف پہلوؤں پرتشویش
معاشی ترقی کے لئے پارلیمان بجٹ کی منظوری سے قبل ازسرنو غور کرے پٹرولیم لیوی وصولی ہدف 18فیصد بڑھانے سے مہنگائی میں اضافہ ہوجائیگا
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان بزنس فورم نے وفاقی بجٹ 27-2026اور فنانس بل کے مختلف پہلوؤں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمان سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ کی منظوری سے قبل اس پر ازسرِنو غور کیا جائے تاکہ معیشت ترقی کرسکے پاکستان بزنس فورم نے اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت نے پٹرولیم لیوی وصولیوں کا ہدف 18 فیصد بڑھا دیا ہے ، جسکے نتیجے میں مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے فورم کے مطابق بجٹ میں خوردنی تیل کی درآمدات کم کرنے کے لیے کوئی مؤثر حکمت عملی یا عملی اقدام شامل نہیں کیا گیا۔
حالانکہ پٹرولیم مصنوعات کے بعد خوردنی تیل ملک کی دوسری بڑی درآمدی مد ہے جبکہ بجٹ میں برآمدات اور صنعتی مسابقت بڑھانے کے لیے خاطر خواہ مراعات نہیں دی گئیں جبکہ صنعتی توانائی کے نرخوں سے متعلق بھی بجٹ مکمل طور پر خاموش نظر آتا ہے ۔ بزنس فورم کا مزید کہنا تھا کہ یہ بجٹ ایکسپورٹ لیڈ گروتھ کے لیے واضح سمت فراہم نہیں کرتا مطالبہ کرتے ہیں کہ برآمدات پر فائنل ٹیکس کی شرح 1.25 فیصد مقرر کی جائے یا زیادہ سے زیادہ 12 فیصد ٹیکس حد نافذ کی جائے تاکہ برآمدی شعبہ عالمی منڈی میں بہتر انداز میں مقابلہ کر سکے۔