اسٹاک ایکسچینج:تیزی،ایک لاکھ 80ہزار کی حد بحال

اسٹاک ایکسچینج:تیزی،ایک لاکھ 80ہزار کی حد بحال

1886پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 100 انڈیکس 180301پربند 61.17 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،کاروباری حجم 19.05فیصد کم رہا

کراچی(بزنس رپورٹر)عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں استحکام، ایران اور امریکا کے مابین مذاکرات سے وابستہ مثبت امیدوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے دوسرے تیزی کے گرد گھومتی رہی جس سے 100 انڈیکس کی 1لاکھ 79ہزار اور 1لاکھ 80ہزار پوائنٹس کی دو حدیں عبور ہوگئیں۔ تیزی کے سبب 61.17 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور حصص کی مالیت میں 1کھرب 77ارب روپے بڑھ گئی ۔ملکی زرمبادلہ ذخائر کا بڑھنا، بیرونی قرضوں کی آمد، نئے آئی پی اوز کا اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہونا، حکومت کا نجکاری پلان مثبت سمت بڑھنا ، سفارتی و عسکری مضبوطی اور دیگر مالی شماریات کا بہتر ہونا اسٹاک سرمایہ کاروں کا تقویت فراہم کرگیا،

اسی سبب کے ایس ای 100 انڈیکس 1886پوائنٹس کے اضافے سے 180301پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 603پوائنٹس کے اضافے سے 53716پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 959پوائنٹس کے اضافے سے 108938پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 3127 پوائنٹس کے اضافے سے 257327پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 19.05فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز 70کروڑ 36لاکھ 86ہزار 554 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر492 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 301 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ ،162میں کمی اور 29 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔دوسری جانب دن بھر اسٹاک سرمایہ کار بینکنگ، آئل اینڈ گیس ، سیمنٹ اور فرٹیلائزر سیکٹرز کے حصص میں کاروبار کرتے رہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں