ڈچ سفیررابرٹیان سیگرٹ کا ایف سی ای پی ایل کا دورہ
کمپنی کی قیادت سے ملاقات ، ڈیری سیکٹر کی ترقی اور افرادی صلاحیت پرگفتگو
کراچی (بزنس ڈیسک) نیدرلینڈکے سفیررابرٹیان سیگرٹ نے فریز لینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈکے ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمپنی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ادارے کی پیشرفت، ڈیری سیکٹر کے مجموعی منظرنامے، اور ڈیری شعبے میں مستقبل کی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو میں ملکی ڈیری سیکٹر کے بدلتے منظرنامے ، اس کی توسیع اور جدید خطوط پر استوار کیے جانے کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈچ سفیر نے کہا کہ پاکستان کا ڈیری سیکٹر ترقی کیلئے اہم مواقع فراہم کرتا ہے،بالخصوص بچوں کیلئے محفوظ ڈیری مصنوعات تک رسائی کو یقینی بنانا اور کھلے دودھ کے استعمال سے بتدریج دوری کی حوصلہ افزائی کرنا عوامی صحت کیلئے اہم ہے ۔ یہ حوصلہ افزا امر ہے کہ ایف سی ای پی ایل ان کوششوں اور ڈیری شعبے کی طویل المدتی پائیداری میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے ۔ ایف سی ای پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر کاشان حسن نے کہا کہ نیدرلینڈ کے سفیر کی میزبانی کرنا اور انہیں ملک میں ڈیری شعبے کے مستقبل کے حوالے سے اپنا وژن پیش کرنا ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے ۔