وزیراعظم کے ایس ایم ایزکیلئے اقدامات خوش آئند ،اسلام آباد چیمبر
اقدام صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع کے لیے دور رس ثابت ہوگا،طاہر ایوب
اسلام آباد(اے پی پی)اسلام آباد چیمبرکے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے اشتراک سے ایس ایم ایزکو آسان اور موثر مالی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کے استحکام، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک دور رس اور بروقت اقدام قرار دیا ۔بدھ کو جاری اپنے بیان میں طاہر ایوب نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر پاکستان کی معیشت کا بنیادی ستون ہے جو لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرنے ، برآمدات میں اضافے ، جدت طرازی کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کو مالی وسائل تک محدود رسائی، پیچیدہ قرضہ جاتی نظام اور دیگر انتظامی مشکلات کا طویل عرصے سے سامنا رہا ہے تاہم وزیراعظم کی حالیہ ہدایات ان مسائل کے مؤثر حل کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔