اسٹاک ایکسچینج،مندی کے بادل برقرار،135ارب خسارہ
1703پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 100انڈیکس 174429 پر بند کاروباری حجم 30.67فیصد کم ہوا ،71.60فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)مشرق وسطی کی صورتحال مزید خراب ہونے سے اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے جس سے 100انڈیکس کی 1لاکھ 76ہزار اور 1لاکھ 75ہزار کی دو سطح گرگئیں۔ مندی کے سبب 71.60فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 1کھرب 35ارب روپے سے ڈوب گئے ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 122پوائنٹس کی محدود تیزی بھی رونما ہوئی ،تاہم امریکا اور ایران کے درمیان اختلاف شدت اختیار کرنے سے تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونے اور غیریقینی ماحول کے باعث سرمایہ کاری کے شعبوں کی جانب سے حصص کی مسلسل فروخت سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مندی رہی جس سے ایک موقع پر 2029 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1703 پوائنٹس کی کمی سے 174429 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 565 پوائنٹس کی کمی سے 52098 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 882پوائنٹس کی کمی سے 105686 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 2557پوائنٹس کی کمی سے 245280پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 30.67 فیصد کم رہا۔گزشتہ روز 69کروڑ 56لاکھ 96 ہزار 577 حصص کے سودے ہوئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments