یو بی ایل کا بلڈنگ پاکستانز فیوچر پروگرام متعارف

یو بی ایل کا بلڈنگ پاکستانز فیوچر پروگرام متعارف

ملکی تعمیر و ترقی کے لیے 40 ارب روپے کے تاریخی اقدامات کا اعلان

اسلام آباد(بزنس ڈیسک)یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل)نے قومی ترقی کے 3 تاریخی منصوبوں کا اعلان کیا ہے جن کے تحت مجموعی طور پر 40 ارب روپے تک کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ یہ اقدامات اس یقین کا اظہار ہیں کہ ملک کے بڑے مالیاتی اداروں کو پاکستان کے طویل المدتی معاشی اور سماجی مستقبل کی تشکیل میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے ۔تعلیم، مالیاتی منڈیوں کے استحکام اور زراعت پر مشتمل یہ منصوبے حالیہ برسوں میں نجی شعبے کی جانب سے قومی تعمیر و ترقی کیلئے کیے جانے والے سب سے بڑے عزم میں شمار ہوتے ہیں اور یو بی ایل کی اس حکمتِ عملی کی عکاسی کرتے ہیں جس کا مقصد روایتی بینکاری سے آگے بڑھ کر پائیدار قومی قدر پیدا کرنا ہے ۔ملکی معیشت میں زراعت کی بنیادی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یو بی ایل 8 ارب روپے تک کی سرمایہ کاری سے ایک خصوصی زرعی ذیلی ادارہ قائم کر رہا ہے ۔یہ ادارہ کسانوں کیلئے ایک مربوط زرعی ماحولیاتی نظام تشکیل دینے پر توجہ دے گا۔یو بی ایل نے ایک عالمی معیار کی یونیورسٹی کے قیام کیلئے 10 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

اس رقم کے مساوی سرمایہ کاری بیسٹ وے فاؤنڈیشن کی جانب سے بھی فراہم کی جائے گی جس کے بعد مجموعی سرمایہ کاری 20 ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔یو بی ایل نے خوشحالی مائیکروفنانس بینک کو درکار سرمایہ فراہم کرنے کے لیے 22 ارب روپے تک کی سرمایہ کاری کا عزم بھی ظاہر کیا ہے ۔یہ سرمایہ کاری ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب مذکورہ ادارہ گزشتہ چند برسوں سے مالی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے ۔یو بی ایل کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے صفِ اول کے بینک کی حیثیت سے ہم سمجھتے ہیں کہ ہماری ذمہ داری صرف روایتی بینکاری خدمات تک محدود نہیں، ملک کی طویل المدتی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے ۔ یہ اقدامات پاکستان کے مستقبل میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کی نمائندگی کرتے ہیں جو تعلیم، مالیاتی منڈیوں کے استحکام اور زراعت جیسے اہم شعبوں کو مضبوط بنائیں گے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...