پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدنی میں 62 فیصد سالانہ اضافہ
آپریٹنگ منافع 226 فیصدبڑھ گیا، خالص منافع 4.7 ارب ریکارڈ
کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی ششماہی کے مالی نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کا اعلان اسلام آباد میں منعقدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔ سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران پی ٹی سی ایل نے مستحکم کاروباری ترقی کا سفر جاری رکھاجس میں فکسڈ، انٹرپرائز اور موبائل کاروبار میں مسلسل ترقی کے ساتھ ساتھ پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل)کے تحت یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے کامیاب انضمام نے اہم کردار ادا کیا۔کمپنی کی مجموعی آمدنی میں سالانہ بنیادوں پر 62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ آپریٹنگ منافع میں 226 فیصد اضافہ ہوا،اس کے ساتھ خالص منافع 4.7 ارب روپے تک پہنچ گیاجو کامیاب انضمام، بہتر آپریشنل کارکردگی اور آمدنی میں مسلسل اضافے کا مظہر ہے ۔پی ٹی سی ایل کی آمدنی میں سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد اضافہ ہوا جس میں فلیش فائبر کی آمدنی میں 27 فیصد، بزنس سلوشنز میں 13 فیصد اور کیریئر اینڈ ہول سیل سروسز میں 16 فیصد اضافہ شامل ہے جبکہ بین الاقوامی کاروبار سے حاصل ہونے والی آمدنی میں بھی سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پی ٹی سی ایل نے 8.5 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا جبکہ خالص منافع 3.6 ارب روپے رہاجو 211 فیصد بہتری کو ظاہر کرتا ہے ۔ کمپنی کے مالی نتائج میں وائرلیس کاروبار سے موصول ہونے والے 2 ارب روپے کے منافع نے بھی اہم کردار ادا کیا۔موبائل کاروبار کی آمدنی میں سالانہ بنیادوں پر 138 فیصد اضافہ ہوا،پی ٹی ایم ایل نے 23.1 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا جو سالانہ بنیادوں پر 203 فیصد اضافے کی عکاسی کرتا ہے ۔ یو بینک نے 12.3 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی اور زیرِ جائزہ دورانیے کے دوران آپریٹنگ منافع ریکارڈ کیا۔2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران پی ٹی سی ایل نے پی ٹی ایم ایل کے تحت یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے انضمام کا عمل کامیابی سے مکمل کیا جو پاکستان کی ٹیلی کام انڈسٹری کے سب سے بڑے انضمامی مراحل میں سے ایک کی تکمیل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments