جامشورو پاور منصوبے کو تھر کوئلے پر منتقلی کی تیاریاں تیز

جامشورو پاور منصوبے کو تھر کوئلے پر منتقلی کی تیاریاں تیز

بلاک ون کان کے مقام پراجلاس ، صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی کا عزم

تھر(بزنس ڈیسک)تھر بلاک ون کان کے مقام پر ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں 660 میگاواٹ جامشورو پاور پراجیکٹ کے لیے مقامی تھر کوئلے کی فراہمی سے متعلق امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کے الیکٹرک کے چیئرمین شہریار ارشد چشتی، تھر کول انرجی بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق علی شاہ، سائنو سندھ ریسورسز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لی جگن، جامشورو پاور کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عبدل وکیل، پرائیویٹ پاور اینڈ انفرااسٹرکچر بورڈ کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں جامشورو پاور پراجیکٹ کے عبوری مرحلے میں درآمدی اور مقامی کوئلے کے امتزاج کا اِستعمال اور بعد ازاں تھر کے مقامی کوئلے پر مکمل منتقلی کے لیے کوئلے کی فراہمی کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کے الیکٹرک کے چیئرمین شہریار ارشد چشتی نے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کی بنیادی لاگت کم کرنے کے قابلِ عمل مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مقامی توانائی وسائل کا زیادہ استعمال سستی بجلی کی فراہمی، توانائی کے تحفظ کے استحکام اور ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

جامشورو منصوبے کی تھر کوئلے پر منتقلی اور کے الیکٹرک کے اپنے جنریشن پورٹ فولیو کی بہتری کی کوششیں ہماری وسیع تر آپریشنل اور مالیاتی تبدیلی کا حصہ ہیں جن کا حتمی مقصد کراچی کے صارفین کو پائیدار فوائد فراہم کرنا ہے ۔کے الیکٹرک نے اجلاس میں واضح کیا کہ جامشورو منصوبے اور کمپنی کے مستقبل کے جنریشن پورٹ فولیو کی مشترکہ طلب بلاک-1 کان کی سالانہ پیداواری صلاحیت کو موجودہ تقریباً 7.8 ملین ٹن سے بڑھا کر 15.6 ملین ٹن تک لے جانے کے لیے درکار طویل المدتی طلب فراہم کرے گی۔اس تناظر میں ایس ایس آر ایل نے تصدیق کی کہ وہ 2029 تک جامشورو پلانٹ کی درآمدی کوئلے سے مقامی تھر کوئلے پر منتقلی کے منصوبے سے قبل کان کی توسیع کے لیے تیار ہے ۔ اس اقدام سے نہ صرف طویل المدتی کوئلے کی مسلسل فراہمی ممکن ہوگی بلکہ تھر کوئلے کی لاگتی مسابقت میں مزید بہتری آئے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...